روشانہ فرخ کی موت خودکشی یا قتل ، ذمہ دار کون

کل رات روٹین کے مطابق سوشل میڈیا پہ پوسٹ دیکھ رہی تھی اچانک نظر کے سامنے سے ایک خبر گزری ‘ لاہور بیکن یونیورسٹی کی طالبہ روشانہ فرخ نے چوتھی منزل سے کود کر خودکشی کر لی’ ، میں کافی حیران بھی ہوئی کیونکہ باقی لوگوں کے لئے بےشک یہ صرف روز جیسی خبروں کی طرح ایک خبر ہوگی مگر میری لیئے کافی حیران کن تھی

کیونکہ یہ محترمہ نہ صرف بہت اچھی بلاگر تھیں بلکہ ایک بہت خوش اخلاق لڑکی تھیں۔ انکی ہر تصویر میں کوئی نا کوئی پیغام ہوتا تھا۔ وجہ یہ سامنے آئی کے انکو کسی بات کا شدید ڈیپریشن تھا ، جو کہ کسی کے علم میں بھی نہیں،  بلکہ کسی کو محسوس تک نہیں ہونے دیا

، لیکن میرا ایک سوال ہے کہ جب اس لڑکی نے خودکشی کا ارادہ کیا اس وقت ویڈیوز بنانے کے بجائے کسی نے جا کر اسکو بچایا کیوں نہیں؟ سب صرف کھڑے دیکھتے رہے، ہم میں سے ہر ایک کسی نہ کسی طرح کے ڈیپریشن میں مبتلا ہے، ہر کسی کے ساتھ کوئی نہ کوئی پریشانی ہے، جو ہم کسی کو بتاتے نہیں، میں چاہتی ہوں اسکو صرف خبر سمجھ کے نہ پڑھیں بلکہ اس سے سبق حاصل کریں،

خدارا اپنے ارد گرد کے لوگوں کے حالات کو سمجھیں ، اور انکا ایسے حالات میں ساتھ دیں۔ خودکشی جیسا قدم اٹھانے سے پہلے ہی انکے معاملات سنبھال لیں۔ کسی اور روشانہ کو حرام موت مرنے سے بچالیں۔ اللّٰہ پاک نے ڈیپریشن سے نکلنے کے راستے نکالے ہیں۔ وہ رحیم اپنے بندوں کی ہر طرح مدد کرتا ہے،

سب سے پہلا راستہ نماز ، پھر دعا ، ہم یقین سے مانگیں تو وہ کریم دعائیں قبول کرتا ہے۔ ہم خود اس سے رجوع نہیں کرتے۔ اپنی مشکلات اپنے رب سے کہنا سیکھیں، وہ آپکو کبھی شرمندہ نہیں ہونے دیگا۔ اپنے ادر گرد کے لوگوں کا خیال رکھیں، جانے والوں کی تو سب ہی قدر کرتے ہیں، کسی کی زندگی میں اسکی قدر کرنا سیکھیں، کسی کی خاموشی میں اس کا دکھ سمجھنا سیکھیں۔۔

کیونکہ خودکشی شوق سے نہیں کرتا کوئی ، ہم لوگ ہی کسی کو اس حد تک پہنچاتے ہیں، اس کے لئے تمام راستے بند کرتے ہیں ، اسکو اذیت اور دکھ دے کر اپنی انا کی تسکین کرتے ہیں، یہ ہم ہی ہیں جو کسی کے مرنے پر روتے ہیں اور ہم ہی مرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ لوگوں کو معاف کرنا سیکھیں، کسی کو بھی تکلیف دینے کا ارادہ کرنے سے پہلے ایک بار ضرور سوچیں۔  ہر ایک انسان کے اندر کے انسان کو جاننے  کی کوشش کریں اور مشکل وقت میں دوسروں کا ساتھ دینا سیکھیں۔

اپنی آنکھوں کے سامنے کسی اور زندگی کو ضائع ہوتے دیکھنے سے پہلے سبق حاصل کریں

کوئی شوق سے اپنی دنیا اور آخرت خراب نہیں کرتا ۔ اللّٰہ ہم سب کو محفوظ رکھے اور اس لڑکی کی مشکلیں آسان کرے آمین ثم آمین۔