کیا شادی سے قبل لڑکی اور لڑکے کا میڈیکل معائنہ انہیں آنے والی مشکلات سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ؟

شادی جس کے لغوی معنی خوشی کے ہیں زندگی کا وہ اہم ترین موڑ ہوتا ہے جو انسان کی زندگی کو مختلف قسموں کی خوشیوں سے ہمکنار کرتا ہے ایک جانب تو یہ خوشی جیون ساتھی کے مل جانے کی خوشی ہوتی ہے تو دوسری جانب انسان اسی شادی ہی کے ذریعے اپنے خاندان کی بنیاد کی پہلی اینٹ رکھتا ہے

یہ ایک فظری عمل ہے کہ انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کی زندگی کی خوشیاں دیر پا اور ہمیشہ رہنے والی ہوں اور دکھ کی دھوپ کبھی بھی اس کی زندگی پر نہ پڑے اگرچہ یہ ممکن نہیں ہے مگر اس کے باوجود انسان اپنے عمل سے اس بات کا اہتمام ضرور کر سکتا ہے کہ وہ ان خوشیوں کو دوام بخش سکے

جیسے کہ عام طور پر آج کل کی شادیوں میں دیکھا گیا ہے کہ بہت ساری ایسی رسوم موجود ہیں جن کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا مگر اس کے باوجود ہم نہ صرف ان کو انجام دیتے ہیں بلکہ ان کی انجام دہی کو ضروری بھی تصور کرتے ہیں ویسے ہی موجودہ دور کے ت‍قاضوں اور سائنسی ترقی کے آئینے میں اس بات کی شدت سے یہ ضرورت محسوس کی جا رہی ہے کہ شادی سے قبل لڑکے اور لڑکی کا معائنہ بھی لازمی کروا لینا چاہیۓ

اس معائنے کی بات جب بھی کی جاتی ہے خاندان کے بڑوں کی جانب سے اس کی شدت سے نفی کر دی جاتی ہے کہ یہ اسلام کے مطابق نہیں ہے مگر سوال یہ ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں جو بے جا اسراف کیا جاتا ہے کیا اس کی ہمارے مزہب میں اجازت ہے ؟ یہ معائنہ انسان کو بہت سارے مسائل سے وقت سے پہلے بچا سکتا ہے جس سے آنے والی نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اب سوال یہ ہے کہ یہ معائنہ کس نوعیت کا ہونا چاہیۓ

پوشیدہ بیماری کے بارے میں جاننے کے لیۓ معائنہ

آج کل کے دور میں بعض اوقات انسان کے اندر بہت ساری ایسی پوشیدہ بیماریاں موجود ہوتی ہیں جن کی علامات اگرچہ فوری طور پر ظاہر نہیں ہو رہی ہوتی ہیں مگر جیسے ہی علامات ظاہر ہوتی ہیں ان کا تدارکاور علاج ممکن نہیں ہوتا جیسے ایڈز ، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسی بیماریاں لہذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بیٹا یا بیٹی آنے والے دور میں اپنے جیون ساتھی کی ان بیماریوں کا سامنا نہ کرے تو بہتر یہ ہے کہ ان کی جانچ شادی سے قبل ہی کروا لی جاۓ

تھیلیسیمیا کی جانچ کے لیۓ معائنہ

یہ ایک موذی مرض ہے جو بظاہر خون کی کمی کے زمرے میں بھی آتا ہے مگر اگر ماں باپ دونوں اس کا شکار ہوں تو ان کے ہونے والے بچے میں یہ بیماری انتہائی مہلک بیماری خون کے کینسر کی صورت یں بھی سامنے آسکتی ہے لہذا اس حوالے سے وقت سے پہلے اس کے بارے میں جان لینا ایک معصوم بچے کو بڑی اذیت سے بچا سکتا ہے

کروموسوم کی جانچ کے لیۓ معائنہ

عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ کزن میرج کے سبب میاں بیوی کے کروموسوم میچ نہیں کرتے جس کے سبب ہونے والا بچہ ایب نارمل ہو سکتا ہے مگر یہ شرط صرف کزن میرج کی نہیں ہے بلکہ عام حالات میں بھی کسی بھی دو افراد کے کروموسوم کچھ وجوہ کی بنا پر آپس میں میچ نہیں کر سکتے ایسی صورت میں ایسے افراد کی آپس میں شادی صرف اور صرف ایب نارمل نسل کی تخلیق کا باعث بن سکتی ہے اور اس بارے میں پہلے سے جان کر بڑی پریشانی سے بچا جا سکتا ہے

انسان شادی پر تو لاکھوں روپے خرچ کر دیتا ہے مگر ایک ایسی ضرورت پر پیسہ خرچ کرنے کو تیار نہیں ہے جو اس کی زندگی کو بڑے مسائل اور خطرات سے بچا سکتا ہے